ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل کے کارگیدے ، گڈلک روڈ پر جنگلی بندر سے عوام پریشان؛ بندر کو فوری پکڑکر لے جانے کا مطالبہ؛ محکمہ فوریسٹ کو دیا گیا میمورنڈم

بھٹکل کے کارگیدے ، گڈلک روڈ پر جنگلی بندر سے عوام پریشان؛ بندر کو فوری پکڑکر لے جانے کا مطالبہ؛ محکمہ فوریسٹ کو دیا گیا میمورنڈم

Tue, 15 Mar 2022 20:03:42    S.O. News Service

بھٹکل :15؍ مارچ  (ایس اؤ نیوز) شہر کے کارگیدے، گڈلک روڈ اور وینکٹاپور علاقے میں جنگلی بندر کی وجہ سے علاقے کے عوام کو بہت زیادہ پریشانی ہورہی ہے اور لوگ گھروں سےباہر نکلنے میں خوف محسوس کررہے ہیں۔ متعلقہ جنگلی بندر کو پکڑ کرلے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے علاقے کے عوام نے محکمہ جنگلات کے دفتر پہنچ کر اسٹنٹ کنزرویٹرآفسر( اے سی ایف) بھٹکل کومیمورنڈم پیش کیا۔

علاقے کےعوام کی طرف سے اے سی ایف کو سونپے گئے میمورنڈم میں واضح کیاگیا ہےکہ گذشتہ 45دنوں سے کارگیدے کے فرسٹ کراس سے لےکر ففتھ کراس تک اور گڈلک روڈ سمیت اطراف کے علاقوں میں ایک جنگلی بندر عوام  پر حملہ آور ہورہا ہے جس کے نتیجے میں لوگ علاقہ سے گذرنے میں بھی خوف محسوس کررہے ہیں ، جیسے ہی لوگ گھروں سے باہر نکلتےہیں عوام پر حملہ کرتےہوئے کاٹ کر انہیں زخمی کردیتا ہے۔ سڑک سےگزرنے والی بائک پر اچانک پیچھے بیٹھ جاتاہے اور ہراساں کرتےہوئے کاٹ کر زخمی کردیتاہے جس کے نتیجے میں لوگ گھروں سے باہر نکلنے میں ڈر محسوس کررہےہیں، بندر کے ڈر سے لوگوں کو روز مرہ کے کاموں کو انجام دینا بھی مشکل ہورہاہے۔  علاقہ کے لوگوں نے اس سلسلےمیں متعلقہ محکمہ کے ذمہ داروں کو زبانی اطلاع دی تھی لیکن کسی طرح کی بھی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔

علاقہ کے لوگوں نے محکمہ کے افسران سے مطالبہ کیا کہ وہ خود جائے وقوع کا دورہ کرتے ہوئے معائنہ کریں اور اپنے محکمہ کی جانب سے جنگلی بندر کو پکڑ کر اپنے ساتھ لے جانے اور جنگل میں منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پرجالی پٹن پنچایت کے کونسلر مصباح الحق شیخ، سابق کونسلر بلال قمری، ارشاد صدیقہ، ظہیر کاسمجی، چندرو نائیک، سبرایا نائک، نوفل کھروری ودیگر کئی لوگ موجود تھے۔ اے سی ایف شرد شٹی نے میمورنڈم وصول کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ عوام کی اس پریشانی کو دور کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔

 


Share: